خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل پر ہندوستان میں ڈاکٹروں کی ملک گیر ہڑتال
کولکاتا کے ’آر جی کر میڈیکل کالج‘ میں ڈیوٹی کے دوران ایک خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے خلاف دہلی ایمس سمیت ملک بھر کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: کولکاتا کے ’آر جی کر میڈیکل کالج‘ میں ڈیوٹی کے دوران ایک خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے خلاف دہلی ایمس سمیت ملک بھر کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی ہڑتال آج بھی جاری ہے۔ ایمس آر ڈی اے کی جانب سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال میں تعلیمی سرگرمیوں کی معطلی، انتخابی او پی ڈی، وارڈ خدمات اور او ٹی خدمات شامل ہیں۔دریں اثنا، فورڈا (فیڈریشن آف ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن) نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن کئی دیگر تنظیموں کی ہڑتال بدستور جاری ہے۔ فیما (فیڈریشن آف آل انڈیا میڈیکل ایسوسی ایشن) سمیت کئی دیگر تنظیموں نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ڈاکٹروں کی ہڑتال کے سبب تقریباً تمام اسپتالوں میں صحت کی خدمات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
تمام سرکاری اسپتالوں کے آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹس (او پی ڈی) کے نسخے کے کاؤنٹرز پر مریضوں کی لمبی قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔درایں اثنا مرکزی وزارت داخلہ نے ایک حکم نامے میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پولیس محکموں کو ہر دو گھنٹے بعد امن و امان کی صورتحال پر رپورٹ بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔وزارت داخلہ نے یہ فیصلہ ریاستوں میں بڑھتے جرائم کو دیکھتے ہوئے لیا ہے۔ اس سلسلے میں حکم کی کاپی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو بھیج دی گئی ہے۔