دہلی کے وزیراعلی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ
ہندوستانی سپریم کورٹ نے دہلی کے وزیراعلی اروند کیجری وال کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سماعت کے بعد محفوظ کرلیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے جمعرات کو آب کاری پالیسی کیس میں دہلی کے وزیراعلی کیجری وال کی درخواست ضمانت اور گرفتاری کو چیلنج کرنے والی درخواست پر سماعت مکمل کرنے کے بعدفیصلہ محفوظ کرلیا یوں کیجری وال کو فی الحال جیل سے رہائی ملنے کی امید ختم ہوگئی۔
ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے دہلی کے وزیراعلی کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ کا محفوظ فیصلہ دس ستمبر کو سنایا جاسکتا ہے۔ دوران سماعت کیجری وال کے وکیل نے عدالت کے روبرو کہا کہ ان کے موکل کو گرفتاری سے قبل سی بی آئی نے کوئی نوٹس نہیں دیا۔ کیجری وال کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل ایک آئینی عہدے پر فائز ہیں اور ان کے فرار ہونے کا کوئی امکان نہيں ہے اس لئے انہيں ضمانت ملنی چاہئے اور اس طرح کسی کو کتنے عرصے جیل میں رکھا جاسکتا ہے عام آدمی پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف ایجنسیوں کا استعمال کرکے انہيں جیلوں میں بند کررہی ہے۔
عام آدمی پارٹی کے ایک اور سینیئرلیڈر اوردہلی کے سابق نائب وزیراعلی سسودیا کئی مہینے جیل میں رہنے کے بعد چند روز قبل رہا ہوگئے ہیں