ہندوستان کا خلائی مشن اسپیس ڈاکنگ اکسپریمنٹ اپنے تاریخی ایونٹ کے قریب پہنچ گیا
ہندوستان کا خلائی مشن اسپیس ڈاکنگ ایکسپریمنٹ یا اسپیڈیکس اپنے تاریخی ڈاکنگ ایونٹ کے قریب پہنچ گیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ملک کے قومی خلائی ادارے اسرو نے خبر دی ہے کہ وہ اسپیڈیکس مشن میں کامیابی حاصل کرنے کے کافی قریب پہنچ گیا ہے۔ اسرو نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ اسپیس ڈاکنگ تجربے کے تحت دونوں خلائی جہاز اس وقت دوسو تیس میٹر کی دوری پر ہیں اور دونوں ٹھیک طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ اسرو کے بیان میں آیا ہے کہ ڈاکنگ کے لیے دونوں خلائی جہازوں کو دوسو پچیس میٹر کے فاصلے تک لانا ہے تاہم اسرو نے ڈاکنگ تجربات کے لیے کوئی تاریخ طے نہیں کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 'اسپیڈیکس' مشن کے تحت ہندوستان خلائی جہاز کو 'ڈاک' اور 'اَن ڈاک' کرنے کی اپنی صلاحیت کو ظاہر کرے گا اور اگر وہ اپنے اس تجربے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو ہندوستان، امریکہ، روس اور چین کے بعد چوتھا ایسا ملک ہوگا جو خلائی 'ڈاکنگ' ٹیکنالوجی حاصل کر چکا ہوگا۔
اسرو نے دونوں سیٹیلائٹس کے اور قریب آنے کو لے کر کہا کہ جب یہ دونوں سیٹیلائٹس پندرہ میٹر کی دوری پر ہوں گے تو ہم ایک دوسرے کو اور صاف طور پر دیکھ سکیں گے، ہم محض پچاس فٹ ہی دور ہیں۔ واضح رہے کہ یہ تجربہ سات جنوری کو ہونا طے پایا تھا مگر کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے اسے نو جنوری تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔