ہندوستان: نریندر مودی کریں گے زیڈ موڑ ٹنل کا افتتاح
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کل پیر کی صبح دس بجے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے سونہ مرگ میں 27 سو کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے تیار زیڈ موڑ ٹنل کا افتتاح کریں گے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق سنہ 2025 میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کا یہ جموں و کشمیر کا پہلا دورہ ہوگا۔ ہندوستانی حکام کا کہنا ہے کہ 27 سو کروڑ روپے کی لاگت سے تیار 6.4 کلو میٹر طویل زیڈ موڑ ٹنل سے سری نگر سے سونہ مرگ تک سال بھر بلا تعطل رابطہ قائم رہے گا اور اس کے علاوہ مقامی تجارت اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ یہ ٹنل سری نگر اور لیہہ کے درمیان سفر کے وقت میں کمی کا باعث بن جائے گی اور اس سے تھاجیواس گلیشئر تک بہتر رسائی اور سندھ دریا پر وائٹ واٹر رافٹنگ کی سہولت فراہم ہوگی۔ ٹنل اسٹراٹیجک لحاظ سے ایک اہم منصوبہ ہے جو سال بھر ہر موسم میں رابطہ فراہم کرے گا۔ اس ٹنل میں مین ٹنل، متوازی ایمرجنسی سرنگ اور ہوا کی نکاسی کے لئے بھی سرنگ شامل ہے۔دوسری جانب نریندر مودی کے دورے پیش نظر سری نگر سمیت وادی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضلع گاندربل کے سونہ مرگ اور گگن گیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کیا گیا ہے اور گگن گیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی این ایس جی کمانڈوز کے ساتھ ساتھ فوج کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔سونہ مرگ ، گگن گیر اورکنگن تک 20 کلومیٹر حدود علاقے کو سیکورٹی فورسز نے پوری طرح سے سیل کیا ہے اور ٹنل کے نزدیک کسی بھی عام شہری کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔