Sep ۰۷, ۲۰۲۴ ۲۱:۳۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے منی پور صوبے میں پھر بھڑکی تشدد کی آگ، کئی ہلاک اور زخمی

ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں کوکی اور میتئی گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ مشتبہ افراد نے ایک گھر کو بھی آگ لگا دی ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق منی پور کے جیری بام ضلع میں ایک بار پھر تشدد ہوا ہے۔ کوکی اور میتئی قبائل کے درمیان شدید فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ خبروں کے مطابق مشتبہ افراد نے ایک گھر کو بھی آگ لگا دی ہے۔

 ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پر شدید فائرنگ جاری ہے۔ یہ حملہ جیری بام ضلع کے نونگ سیکپی میں ہوا، جو جیری بام پولیس اسٹیشن سے تقریباً سات کلومیٹر دور ہے۔اس سے قبل جمعہ کی رات مشتبہ مسلح افراد نے سابق وزیر اعلیٰ مارمبام کوئیرینگ کے گھر پر راکٹ سے حملہ کیا تھا۔

اس واقعہ میں ایک بزرگ کی موت کی خبر ہے جبکہ چھے افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔چند روز قبل منی پور کے سینجم چرانگ میں ایک اور ڈرون بم حملے میں تین افراد زخمی ہوئے تھے۔

 منی پور پولیس نے ایکس پر ایک بیان میں یہ جانکاری دی۔ یہ بھی کہا کہ سیکورٹی فورسز علاقے میں موجود ہیں۔ تازہ ترین حملہ ’مشتبہ کوکی قبائل ‘ کی طرف سے لانچ کیے گئے متعدد ڈرونز نے امپھال مغربی ضلع کے کاتروک گاؤں پر بمباری کے ایک دن بعد کیا ہے۔

 

ٹیگس