Oct ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • جن لوگوں نے ہمارا حق چھینا ان سے اس کی واپسی کی امید حماقت ہے: عمر عبداللہ

عمرعبداللہ نے ریاست کی سابقہ حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے مستقبل کے وزیر اعلی عمرعبداللہ نے ایک انٹرویو ميں کہا ہے کہ ان کی حکومت بننے کے بعد کابینہ کے پہلے اجلاس میں جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ واپس ملنے کی قرارداد پاس کی جائے گی۔

آئین کی دفعہ تین سو ستر کے بارے میں انھوں نے کہا کہ جب تک مرکز میں بی جے پی برسراقتدار ہے اس وقت تک اس دفعہ کی بحالی ممکن نہیں ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے سابق اور مستقبل کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا کہ جن لوگوں نے ہم سے یہ حق چھینا ہے ان سے اس کی واپسی کی امید حماقت ہے، اس کے لئے ہمیں مرکز میں حکومت بدلنے کا انتظار کرنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ حکومت میں نہیں رہے گی اور کبھی تو حکومت بدلے گی جس کے بعد ہم مرکزی حکومت کے ساتھ بیٹھ کر اس حوالے بات کریں گے۔

یاد رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد نے نوے رکنی ایوان کی اڑتالیس نشستیں جیت لی ہیں اور اعلان کیا ہے کہ عمر عبداللہ وزیر اعلی ہوں گے۔

ٹیگس