ہندوستان: منی پور میں حالات دوبارہ خراب
ہندوستان کی ریاست منی پور میں ایک بار پھر فسادات کی آگ بھڑک اٹھی ہے اور حالات اس قدر نازک ہو گئے ہیں کہ مہاراشٹرا میں انتخابی سرگرمیوں میں مصروف مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو نئی دہلی طلب کر لیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق ریاست منی پور کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہونے والے چھے لوگوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد ریاست میں ایک بار پھر تشدد کے واقعات سامنے آنے لگے ہیں۔ حالات پھر سے اس قدر نازک ہو گئے ہیں کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ مہاراشٹر میں اپنی طے شدہ ریلیاں منسوخ کر کے دہلی واپسی پر مجبور ہو گئے۔ دوسری جانب سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل انیش دیال کو بھی فوری طور پر منی پور روانہ کر دیا گیا۔ اطلاعات ہیں کہ ہفتہ کو مظاہرین نے ریاست کے تین وزیروں اور چھے اراکین اسمبلی کے گھروں پر دھاوا بولا تھا جس کے بعد حکومت کے ذریعہ پانچ ضلعوں میں تا اطلاع ثانی دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ خدمات پر بھی کئی جگہوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، میتئی اور کوکی برادریوں کے درمیان نسلی تنازعے کے باعث کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے۔ سی آر پی ایف کیمپ پر ہوئے ایک حملے کے بعد جھڑپوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے متاثرہ علاقوں میں خوف کی فضا قائم ہے۔ واضح رہے کہ ریاست منی پور کی نازک صورتحال کے پیش نظر اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم مودی سے مسلسل اس ریاست کا دورہ کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں تاہم ابھی تک وزیر اعظم نے ان کے اس مطالبے کو تسلیم نہیں کیا ہے۔