ہندوستان: وقف قانون، ادھو ٹھاکرے کا حکومت پر حملہ
شیوسینا یوبی ٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے مرکزی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ وقف بورڈ اور زبان سے متعلق مسائل پر ملک میں تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے وقف ترمیمی قانون اور ہندی کو مہاراشٹر میں لازمی قرار دیے جانے کی سخت مخالفت کی ہے۔انہوں نے حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کی بات پیار سے سنیں گے، لیکن اگر آپ مجھے مجبور کریں گے تو میں سب کچھ اکھاڑ کر پھینک دوں گا۔ وقف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس قانون کے تحت وقف میں غیر مسلموں کی تقرری کا التزام ہے، ہم اس کے پہلے سے ہی خلاف تھے۔ اور سپریم کورٹ نے بھی وہی سوال اٹھایا جو ہم نے پوچھا تھا۔
ادھو ٹھاکرے کا کہنا ہے کہ اگر آج وقف بورڈ میں غیر مسلموں کو قبول کر لیا جاتا ہے تو کیا گارنٹی ہے کہ کل مندروں میں غیر ہندوؤں کی تقرری نہیں ہوگی؟ انہوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ہندی نہ بولنے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ ہندو نہیں ہیں۔ ادھو ٹھاکرے نے دو ٹوک کہا کہ ہم مراٹھی بولنے والے آپ سے زیادہ محب وطن ہیں۔