دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں احتیاط کا مطالبہ؛ محبوبہ مفتی
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی سابق وزیر اعلا محبوبہ مفتی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران یہ خیال رکھا جائے کہ عام شہریوں کو کوئی گزند نہ پہنچے۔
سحرنیوز/ہندوستان: سری نگر سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم اور پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں احتیاط سے کام لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انہيں خبر ملی ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد سیکورٹی دستوں نے ہزاروں لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور عسکریت پسندوں کے گھروں کو مسمار کرنے کی کارروائی کے دوران بعض عام شہریوں کے گھر بھی منہدم کر دیئے گئے ہیں۔
سابق وزیر اعلا محبوبہ مفتی نے کہا کہ حکومت کو ان بےگناہ لوگوں کو خود سے دور نہیں کرنا چاہئے جو دہشت گردی کے خلاف ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ سیکورٹی افسران کو حکم دیا جائے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ دہشت گردوں کا خمیازہ بےگناہ افراد کو نہ بھگتنا پڑے کیونکہ اس سے دہشت گردوں کے مقاصد کی تقویت ہوگی۔