واہگہ بارڈر کے راستے افغانستان اور ہندوستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ جاری
May ۲۲, ۲۰۲۵ ۰۷:۰۸ Asia/Tehran
واہگہ اٹاری بارڈر کے ذریعے افغانستان اور ہندوستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ ایک بار پھر فعال ہو گئی ہے اور حالیہ دنوں میں افغان تجارتی سامان سے لدے متعدد ٹرک ہندوستان روانہ ہوئے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: پاکستان میں سرکاری ذرائع کے حوالے سے میڈیا نے خبردی ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران انتیس افغان ٹرکوں کو واہگہ کے راستے ہندوستان جانے کی اجازت دی گئی، جن میں خشک میوہ جات لدے ہوئے تھے۔ خبروں میں بتایا گيا ہے کہ افغانستان کے خشک میوہ جات کے چودہ ٹرک بیس مئی کو بھی ہندوستان بھیجے گئے، انیس مئی کو دس اور اس سے قبل سولہ مئی کو پانچ ٹرک واہگہ بارڈر عبور کر چکے ہیں۔
ٹرانزٹ ٹریڈ کے حوالے سے یہ پیش رفت افغان حکومت کی اس درخواست کے تناظر میں ہوئی ہے، جو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی کے دوران گزشتہ ماہ سرحد بند ہونے کے بعد کی گئی تھی۔