Jun ۰۷, ۲۰۲۵ ۱۵:۳۶ Asia/Tehran
  • سری نگر جامع مسجد میں نماز کی اجازت نہ دیا جانا افسوسناک ، عمر عبد اللہ

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعلی نے سرینگر جامع مسجد میں عیدالاضحی کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہ دیئے جانے پر سخت ناراضگی اور تشویش ظاہر کی ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان:سری نگر سے موصولہ رپورٹ کے مطابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے درگاہ حضرت بل میں عیدالاضحی کی نماز ادا کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں سری نگر کی جامع مسجد میں نماز عید کی اجازت نہ دیئے جانے دکھ کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہا ہے کہ حکومت کو کشمیری عوام پر بھروسہ کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا ہے کہ عام کشمیری شہری دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں تو انہیں عبادت کا حق کیوں نہیں ہے؟

انھوں نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ کن وجوہات سے سری نگر جامع مسجد میں نماز عید کی اجازت نہیں دی گئی لیکن اس پر انہیں ذاتی طورپر دکھ پہنچا ہے۔بتایا گیا ہے کہ سری نگر کی جامع مسجد میں لگاتار ساتویں سال عیدالاضحی کی نماز کی اجازت نہیں دی گئی ۔

اس رپورٹ کے مطابق جامع مسجد میں تالا لگادیا اور مسجد کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ۔
 

ٹیگس