مودی حکومت ہندوستان اور ہندوستانیوں کے وقار کے تحفظ میں ناکام ہو رہی، کانگریس
ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے کہا ہے کہ امریکہ میں ہندوستان کے لوگوں کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے اور وزیر اعظم مودی کو فوری طور پر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اس بارے میں بات کرنی چاہیے
سحرنیوز/ہندوستان: کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ جے رام رمیش نے منگل کو یہاں سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکہ میں ہندوستانی شہریوں کے وقار کو ٹھیس پہنچائی جا رہی ہے اور انھیں ذلیل کرنے کے واقعات مسٹر ٹرمپ کے صدر بننے کے ساتھ ہی شروع ہو گئے تھے جو رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔
امریکہ میں آئے دن ہندوستانی شہریوں کے ساتھ ناانصافی اور انہیں ہراساں کرنے کی خبریں آ رہی ہیں اور مودی حکومت اس کام میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔مسٹر رمیش نے کہا، ’’مودی حکومت ہندوستان اور ہندوستانیوں کے وقار کے تحفظ میں ناکام ہو رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار کسی امریکی صدر نے واشنگٹن ڈی سی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی کارروائی روکنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور ہندوستانیوں کے وقار کا تحفظ کرنا وزیر اعظم مودی کی سب سے اہم ذمہ داریوں میں سے ایک ہے۔