Jul ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۲:۵۲ Asia/Tehran
  • تمل ناڈو میں ڈیزل سے بھری مال گاڑی میں خوفناک آگ، ریلوے خدمات متاثر

تروولور ریلوے اسٹیشن پر حادثہ، ڈیزل سے بھری گاڑی میں آگ، ٹرینیں روک دی گئیں

سحرنیوز/ہندوستان: اتوار 13 جولائی کو تمل ناڈو کے تروولّور ریلوے اسٹیشن پر ایک مال گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ یہ گاڑی چنئی پورٹ سے ڈیزل لے کر روانہ ہوئی تھی، جب اس کے چار ڈبے پٹری سے اتر گئے اور آگ لگ گئی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ آسمان دھوئیں کے سیاہ غبار سے بھر گیا، اور اسٹیشن پر افرا تفری مچ گئی۔

فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کیں۔ ریلوے حکام نے 48 دیگر ڈبوں کو الگ کرنے کا عمل شروع کیا تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ واقعے کے بعد چنئی-ارکنوم ریلوے سیکشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی، اور کئی ایکسپریس ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں۔

ضلع مجسٹریٹ کے مطابق، آتش گیر مادے کی موجودگی کے باعث آس پاس کے رہائشی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، اور ایل پی جی سلنڈروں کو بھی ہٹا دیا گیا۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم واقعے نے ریلوے کے حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

ٹیگس