Jul ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۰:۵۶ Asia/Tehran

معروف میراتھن رنر 114 سالہ فوجا سنگھ پیر کو جالندھر میں سڑک حادثے سڑک حادثے میں چل بسے۔ 114 سالہ فوجا کئی نوجوانوں کے لیے تحریک کی علامت تھے۔

سحرنیوز/ہندوستان: پنجاب کے شہر جالندھر میں پیر کے روز ایک افسوسناک حادثے میں دنیا کے معمر ترین میراتھن رنر فوجا سنگھ 114 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ اپنے آبائی گاؤں بیاس میں دوپہر کے وقت سیر کے لیے نکلے تھے، جب ایک تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔ شدید چوٹوں کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں شام کو ان کا انتقال ہو گیا۔

پولیس کے مطابق حادثہ سہ پہر ساڑھے تین بجے پیش آیا، جب فوجا سنگھ سڑک پار کر رہے تھے۔ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا اور تفتیش جاری ہے۔

فوجا سنگھ کو دنیا بھر میں "ٹربنڈ ٹورنیڈو" کے نام سے جانا جاتا تھا۔ ان کی زندگی پر کتاب لکھنے والے مصنف خوشونت سنگھ نے سوشل میڈیا پر تعزیت کرتے ہوئے کہا، ’’میرا ٹربنڈ ٹورنیڈو اب اس دنیا میں نہیں رہا۔‘‘

فوجا سنگھ نہ صرف ایک غیر معمولی ایتھلیٹ تھے بلکہ نوجوانوں کے لیے حوصلے اور صحت مند طرزِ زندگی کی علامت بھی تھے۔ ان کے انتقال پر ملک بھر سے تعزیتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

ٹیگس