Jul ۲۰, ۲۰۲۵ ۱۴:۰۰ Asia/Tehran
  • جنوبی ہندوستان میں شدید بارشوں کی پیش گوئی، کیرالہ اور تمل ناڈو کے متعدد اضلاع میں اورنج الرٹ

کیرالہ اور تمل ناڈو میں موسمی شدت، اورنج الرٹ کے تحت تعلیمی ادارے بند، عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت

سحرنیوز/ہندوستان: جنوبی ہندوستان میں مانسون کی شدت، کیرالہ اور تمل ناڈو میں مانسون کی سرگرمیوں میں اضافے کے بعد شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے متعدد اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ یہ الرٹ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران 115.6 ملی میٹر سے 204.4 ملی میٹر تک بارش کے امکان کی نشاندہی کرتا ہے۔

کیرالہ کے اضلاع ایرناکولم، اڈوکی، تریشور، پلکڑ، ملپورم، کوزیکوڈ، وائناڈ، کنّور اور کاسرگوڈ میں اورنج الرٹ نافذ ہے، جبکہ پتھنمتھٹہ، الاپپڑہ اور کوٹایم میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ کاسرگوڈ ضلع میں شدید بارش کی پیش گوئی کے باعث تمام تعلیمی اداروں کو ایک روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے، تاہم پہلے سے طے شدہ امتحانات معمول کے مطابق منعقد ہوں گے۔

آئی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ 22 جولائی تک کچھ علاقوں میں 40–50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ عوام کو ندی نالوں اور ممکنہ سیلابی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ماہی گیروں کو سمندر کا رخ نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ادھر تمل ناڈو میں بھی موسم میں نمایاں تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ چنئی کے ریجنل میٹ سنٹر نے نیل گری، کوئمبٹور، تھینی، ڈنڈیگل اور تینکاسی اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ دنوں میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ کچھ علاقوں میں 24.4 سینٹی میٹر تک بارش کی پیش گوئی ہے۔

مانسون کی یہ شدت خلیج بنگال میں جاری موسمی سرگرمیوں کے سبب 24 جولائی تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

ٹیگس