امریکہ کے تجارتی اقدامات پر ہندوستانی اپوزیشن کا ردعمل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہندوستان کے خلاف پچیس فیصد ٹیرف کے اعلان کے بعد اس ملک کی حزب اختلاف نے مودی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کی جنرل سیکریٹری اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی پوری دنیا گھومتے ہیں، دوست بناتے ہیں اور اس کے بعد ہمیں جنگ بندی اور ٹیرف جھیلنا پڑتا ہے۔ پرینکا گاندھی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ سب جانتے ہیں کہ امریکی صدر نے کیا کہا ہے۔ انہوں نے صرف ٹیرف کی بات کی نہیں کی ہے بلکہ جنگ بندی جیسے حساس مسئلے پر مسلسل بول رہے ہیں۔ ایک اور کانگریسی رہنما پی چدمبرم نے امریکا کے فیصلے کو تجارت کی عالمی تنظیم ڈبو ٹی او کے اصولوں کے خلاف قرار دیا۔ کانگریس پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے بھی ٹرمپ کے فیصلے پر کہا ہے ٹرمپ ہندوستانی وزیر اعظم مودی کے ارد گرد سانپ کی طرح لپٹے ہوئے ہیں، راہل گاندھی نے مودی جی کو اس سے نکلنے کا ایک موقع دیا تھا لیکن وہ بدستور خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔