ہندوستان: سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن سے وضاحت طلب
ہندوستانی سپریم کورٹ نے ہفتے تک الیکش کمیشن کو خصوصی نظرثانی کے دوران بہار کی ووٹر لسٹ سے ہٹائے گئے پینسٹھ لاکھ لوگوں کی تفصیلات دینے کی ہدایت دی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: سپریم کورٹ نے درخواست گزار ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (اےڈی آر) کی جانب سے پیش ہوئے ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن کی درخواست پر یہ ہدایت دی۔تین ججوں پر مشتمل بنچ نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا کہ ’’ہفتے تک جواب داخل کریں اور مسٹر بھوشن کو اسے دیکھنے دیں۔ تب ہم دیکھ سکیں گے کہ کیا خلاصہ ہوا ہے اور کیا نہیں۔ بنچ نے کہا کہ یہ معلومات ہر سیاسی پارٹی کے نمائندوں کو الیکشن کمیشن کے ذریعہ اختیار کئے گئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) کے مطابق دی جائیں گی۔ درخواست گزار کے خدشات پر عدالت عظمیٰ نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ متاثرہ ہر ووٹر کو ضروری معلومات ملیں۔ اے ڈی آر نے اپنی درخواست میں کہا کہ پچیس جولائی کو الیکشن کمیشن نے ایک پریس ریلیز جاری کی جس میں کہا گیا تھا کہ تقریباً پینسٹھ لاکھ ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے ہٹا دیے گئے ہیں۔