نریندر مودی: ملکی مصنوعات کو استعمال کریں
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ملکی شہریوں سے اندرون ملک اور مقامی سطح پر تیار ہونے والی مصنوعات استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان:ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق نریندر مودی نے آسام کے مختلف علاقوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے بعد ایک عوامی جلسے سے خطاب میں عوام سے ملکی پیداواروں کو اہمیت دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے اپیل کی کہ عوام ملکی اور مقامی مصنوعات خریدنے کو ترجیح دیں۔
ہندوستانی وزیر اعظم نے کہا کہ ملک اور نئی نسل کے روشن مستقبل کے لئے ضروری ہے کہ ملک کے اندر تیار ہونے والی مصنوعات خریدی اور استعمال کی جائيں۔ مودی نے دکانداروں سے بھی ملکی سامان فروخت کرنے اور ملکی مصنوعات کا بورڈ لگانے کی اپیل کی۔
یاد رہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نے چند روز قبل بھی سودیشی سامان یعنی ملکی مصنوعات خریدنے اور استعمال کرنےکی اپیل کی تھی۔انھوں نے اسی کے ساتھ تاکید کی تھی ٹیچروں کو چاہئے کہ غیر ملکی مصنوعات کی ایک فہرست تیار کرکے بچوں کو دیں اور ان سے کہیں کہ یہ سامان نہ خریدیں۔
ہندوستان کے وزیر اعظم ایسی حالت میں ملکی مصنوعات خریدنے اور استعمال کرنے کی اپیل کررہے ہیں کہ ہندوستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تنازعہ شدید تر ہوگیا ہے اور امریکی صدر نے گروپ سات اور یورپی یونین سے ہندوستان اور چین پر پچاس سے سو فیصد تک ٹیرف لگانے کا مطالبہ کیا ہے