ہندوستان کی ریاست مہاراشٹرمیں کسانوں کے احتجاج کا سلسلہ آج بھی جاری رہا
ریاست مہاراشٹر کے کسانوں نے ناگپور میں آج دوسرے روز بھی احتجاج جاری رکھا۔
سحرنیوز/ہندوستان: احتجاجی تحریک کی قیادت سابق وزیر اور پرہار پارٹی کے لیڈر بچو کڈو کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کسانوں نے ناگپور کو حیدرآباد سے جوڑنے والی قومی شاہراہ چوالیس کو بند کر دیا ہے۔
خبروں کے مطابق احتجاجی کسان امراوتی سے چل کر ناگپور پہنچے ہیں حالانکہ پولیس نے اس مارچ کو ناگپور بارڈر پر روک دیا ہے اور ناگپور میں واقع وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
کسانوں کا الزام ہے کہ بار بار وعدوں کے باوجود حکومت کسانوں کے قرضے معاف نہیں کر رہی ہے۔
حکومت نے خشک سالی کا سامنا کرنے والے کسانوں کو بھی مناسب مدد فراہم نہیں کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کی شام پانچ بجے سے ناگپور سے حیدرآباد، ناگپور سے جبل پور اور رائے پور کی سڑکیں بند ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں گاڑیاں سڑکوں پر پھنسی ہوئی ہیں۔
احتجاج کرنے والے کسانوں نے ٹرینوں کو بھی روکنے کی دھمکی دی ہے۔