ہندوستان: بہار میں دوسرے مرحلے کی پولنگ ختم
بہار میں دوسرے مرحلے کی پولنگ ختم، 68.48 فیصد ہوئی ووٹنگ، ٹوٹ گئے ریکارڈ
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ ختم ہو چکی ہے۔ اب تک موصول اعداد و شمار کے مطابق دوسرے مرحلہ میں 68.48 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
بہار میں اب تک اتنی بڑی تعداد میں لوگوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ حالانکہ حتمی اعداد و شمار آنے ابھی باقی ہیں۔ یعنی ووٹنگ کا فیصد مزید بڑھنے کا قوی امکان ہے۔
بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 122 نشستوں پر ووٹنگ میں 1302 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں بند ہوگیا۔

ادھر ہندوستان کی سات ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ایک علاقے کی آٹھ اسمبلی نشستوں پر بھی ووٹنگ ختم ہو چکی ہے۔
ہندوستان کی سات ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ایک علاقے کی آٹھ اسمبلی نشستوں پر سخت حفاظتی انتظامات میں آج ووٹ ڈالے گئے۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ووٹنگ کا آغاز صبح سات بجے ہوا جس میں بڑی تعداد میں رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
یہ ضمنی انتخابات مختلف وجوہات کی بنا پر خالی ہونے والی نشستوں کو پُر کرنے کے لیے کرائے گئے۔ جن نشستوں پر ووٹنگ ہوئی ان میں جموں و کشمیر، راجستھان، جھارکھنڈ ، تلنگانہ ، پنجاب ، میزورم اور اڈیشہ شامل ہیں۔