نوگام پولیس اسٹیشن دھماکہ؛ہندوستانی وزارتِ داخلہ نے حادثہ قرار دیا
ہندوستان کی وزارت داخلہ نے سری نگر کے نوگام تھانے میں ہونے والے دھماکے کو حادثاتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر غیر ضروری قیاس آرائیاں نہ کی جائیں
ہندوستان کی مرکزی وزارتِ داخلہ نے جموں و کشمیر کے نوگام پولیس اسٹیشن میں جمعہ کی رات ہوئے دھماکے کو ایک افسوسناک حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ضبط شدہ دھماکہ خیز مواد اور کیمیکلز کو جانچ کے لیے بھیجے جانے سے قبل ہوا، جس کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، لہٰذا اس بارے میں غیر ضروری قیاس آرائیاں نہیں کرنی چاہئیں۔
وزارتِ داخلہ میں جوائنٹ سکریٹری جموں و کشمیر پرشانت لو کھنڈے نے ہفتہ کو نئی دہلی میں صحافیوں کو بتایا کہ جمعے کی رات گیارہ بج کر بیس منٹ پر جموں و کشمیر کے نوگام پولیس اسٹیشن کے اندر ایک بڑا دھماکہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکہ خیز مواد کی غیر مستحکم اور حساس نوعیت کے سبب اسے ماہرین کی نگرانی میں احتیاط سے سنبھالا جا رہا تھا لیکن اسی دوران گزشتہ رات اچانک حادثاتی طور پر دھماکہ ہو گیا۔
ادھر سری نگر میں جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات نے بھی اسے حادثاتی واقعہ قرار دیتے ہوئے اس کا دہشت گردانہ سرگرمیوں سے کوئی تعلق ہونے کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس واقعے میں نو افراد کی موت ہوگئی اور ستائیس پولیس اہلکار، دو ریونیو افسر اور تین دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔