ہندوستان: مغربی بنگال میں ’’نئی بابری مسجد‘‘ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد آج اصل بابری مسجد کے انہدام کی 33 ویں برسی پر میں’’نئی بابری مسجد‘‘ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مغربی بنگال کی حکمراں ترنمول کانگریس، ٹی ایم سی، معطل رکن اسمبلی ہمایوں کبیر نے ضلع مرشدآباد کے علاقے بیلدانگا میں آج ’’نئی بابری مسجد ‘‘کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
سنگ بنیاد کی تقریب میں علمائے دین اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ ہمایوں کبیر نے اسٹیج پر موجود علما کے ساتھ سنگ بنیاد کی رسم کے طور پر فیتہ کاٹا اور ہزاروں کی تعداد میں جمع لوگوں کی جانب سے ’’نعرۂ تکبیر، اللہ اکبر‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔
سنگ بنیاد کی تقریب میں شریک لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں ہندوستانی قومی پرچم اٹھا رکھا تھا اور بہت سے لوگ مسجد کی تعمیر کے لیے اینٹیں لا رہے تھے۔
سنگِ بنیاد کی تقریب سخت حفاظتی انتظامات میں منعقد کی گئی، جہاں بڑی تعداد میں پولیس، آر اے ایف اور مرکزی سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا تاکہ امن و قانون کی صورت حال برقرار رکھی جا سکے۔
اس سے پہلے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ہمایوں کبیر نے کہا تھا کہ میں بیلدانگا میں مسجد کا سنگِ بنیاد رکھوں گا، کوئی طاقت ہمیں روک نہیں سکتی، ہم کلکتہ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "یہاں، بابری مسجد تعمیر کی جائے گی۔ یہ مسلمانوں کے لیے وقار کی لڑائی ہے۔"
ہمایوں کبیر نے کہا کہ "مسجد کے احاطے میں 300 بستروں کا اسپتال، ہیلی پیڈ، ہوٹل اور اسکول بھی تعمیر کیا جائے گا جس پر 300 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کو کلکتہ ہائی کورٹ نے بیلدنگا میں بابری مسجد کے سنگ بنیاد کی مجوزہ تقریب میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ قائم مقام چیف جسٹس سوجوئے پال اور جسٹس پارتھا سارتھی سین کی ڈویژن بینچ نے کہا کہ عدالت اس سلسلے میں مداخلت نہیں کرے گی۔ اس کے بعد بینچ نے ہدایت دی کہ ہمایوں کبیر بیلدنگا میں پروگرام منعقد کر سکتے ہیں لیکن صرف امن و امان کو برقرار رکھتے ہوئے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok