Sep ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۳:۵۷ Asia/Tehran
  • مرضیہ افخم
    مرضیہ افخم

ایران اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی تقویت کے لئے کسی بھی شرط اور محدودیت کا قائل نہیں۔

مرضیہ افخم نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ہمسایہ ممالک حقائق کے منافی بیانات دینے کے بجائے انتہا پسند اور دہشت گرد گروہوں کی مدد اور شام و عراق میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کی پالیسی ترک کردیں-

انہوں نے علاقائی امن و سلامتی کے تحفظ میں مدد پر مبنی حقیقت پسندانہ اور تعمیری موقف اختیار کئے جانے کی ضرورت پر تاکیدکی -
ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ غلط موضوعات پر اصرار کا علاقائی ممالک کو ملنے والے مواقع ضائع ہونے اور ناگوار بحرانوں کے حل میں تاخیر کے علاوہ کوئی اور نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔ 

مرضیہ افخم نے تعاون اور گفتگو کے لئے تہران کی آمادگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں توسیع اور اچھی ہمسائیگی کی پالیسی، ایران کے خارجہ تعلقات کی ترجیح میں سر فہرست ہے۔ 

وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقائی بحرانوں کے حل کے لئے مذاکرات اور سیاسی طریقوں کو بہترین روش سمجھتاہے اور مسلط کردہ پالیسیوں کے خلاف ہے۔

ایران کی وزرات خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ اپنے ہمسایہ ممالک کو ایران کا مشورہ یہ ہے کہ خطرناک  فوجی کھیل کھیلنے کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں-

قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے جمعہ کے روز واشنگٹن میں ایک پریس کا نفرنس سے اپنے خطاب میں یہ دعوی کرتے ہوئے کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ بہتر رابطے کا خواہاں ہے ایران پر بے بنیاد الزامات لگائے تھے-

ٹیگس