ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سیکریٹری سے برازیل کے وزیر خارجہ کی ملاقات
Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۲۱:۲۷ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی مذاکرات کے تجربے کو ملکوں کے لئے تشدد کے بجائے سیاسی رویہ اختیار کئے جانے کا نمونہ قرار دیا-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے اتوار کو تہران میں برازیل کے وزیر خارجہ ماؤرو وییرا سے ملاقات میں کہا کہ ایران کے ایٹمی مذاکرت، تمام ممالک کے لئے ایک نمونہ ہیں تاکہ تنازعہ اور تشدد کے بجائے سیاسی روش اختیار کر کے خطرات کو کم اور خود مختار ممالک کے قانونی حقوق کے احترام کی راہوں کا انتخاب کیا جائے-ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ ایران عالمی مسائل کے حل بالخصوص شام، عراق اور یمن میں امن و استحکام کی بحالی اور ان ملکوں کے عوام کو ان کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق دلانے کے لئے اپنے دوستوں کے ساتھ قریبی تعاون کرتا ہے لیکن افسوس کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بڑی طاقتوں کے زیر اثر عالمی امن و صلح کے دفاع کے سلسلے میں یکساں طرزعمل اختیار نہیں کرتی اور نہ ہی متحدہ روش پر عمل نہیں کرتی-
اس ملاقات میں برازیل کے وزیر خارجہ ماؤرو وییرا نے ایٹمی مذاکرات میں ایران کے تعمیری اور قابل تعریف رویے کو سراہا اور دو طرفہ اقتصادی و سیاسی تعلقات اور پرامن ایٹمی توانائی کے فروغ پر تاکید کی- ماؤرو وییرا نے برازیل میں شامی شہریوں کی موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فوجی کارروائی ، صرف شام کے حالات مزید پیچیدہ ہونے پر منتج ہو گی اور اس ملک کے عوام کے عزم اور مطالبات کی بنیاد پر سیاسی طریقہ کار اختیار کرنے سے ہی شام کا بحران ختم ہو سکتا ہے-