Sep ۲۱, ۲۰۱۵ ۱۶:۵۱ Asia/Tehran
  • خطےکے بحرانوں کے خاتمےکے لئےایران اورروس کے باہمی تعاون میں توسیع
    خطےکے بحرانوں کے خاتمےکے لئےایران اورروس کے باہمی تعاون میں توسیع

اسلامی جمہوریہ ایران اورروس کے نائب وزرائے خارجہ نے مشرق وسطی کے بحرانوں کے خاتمے کے لئے باہمی تعاون میں توسیع کی ضرورت پرتاکید کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے پیرکے دن ماسکومیں روس کے نائب وزیرخارجہ میخائیل بوگدانوف سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں مشرق وسطی کے بحرانوں کے خاتمے کے طریقوں اوراس خطے کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیرخارجہ حسین امیرعبد اللہیان نے اس ملاقات میں کہا کہ ایران اورروس کے باہمی تعاون میں توسیع اور خطے کے ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور اتحاد کے لئے بہترین موقع فراہم ہوا ہے۔

 حسین امیرعبداللہیان نے شام کے بحران کے حل اوردہشت گردوں کے خلاف سنجیدہ جد وجہد کے لئے ایران اورروس کی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پرتاکید کی اورکہا کہ جب سے شام کا بحران شروع ہوا ہے دونوں ممالک غیرملکی مداخلت کے بغیراس کے پرامن حل کے خواہاں رہے ہیں جبکہ امریکہ اس کی مخالفت کرتا رہا ہے۔

روس کے نائب وزیرخارجہ بوگدانوف نے بھی اس ملاقات میں خطےکے بحرانوں خصوصا شام کے بحران کے حل کے لئے ایران اورروس کی مشاورت کوسودمند قراردیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کےحکام کی مشاورت کے دوران خطے کے بحرانوں کے پرامن حل کے سلسلے میں بہت سی معلومات اورطریقے سامنےآئے ہیں۔

 واضح رہےکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیرخارجہ روسی حکام کے ساتھ علاقائی اور عالمی صورتحال پرتبادلہ خیال کرنے کےلئے پیرکے دن روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچے ہیں۔


ٹیگس