نیویارک میں ایران کے وزیر خارجہ کی ملاقاتیں
Sep ۲۵, ۲۰۱۵ ۰۸:۴۴ Asia/Tehran
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے نیویارک میں اپنی ملاقاتوں کے جاری سلسلے میں، رومانیہ، نیوزیلینڈ اور مصر کے وزرائے خارجہ نیز اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی-
نیویارک میں جمعرات کی رات ایران کے وزیر خارجہ اور رومانیہ کے وزیر خارجہ کے درمیان انجام پانے والی ملاقات میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ کے طریقوں کا جائزہ لیا۔ اس ملاقات میں رومانیہ کے وزیر خارجہ لوچیان آرسکو نے دو طرفہ اور خاص طور سے اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے مقصد سے ایران کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی جس کا ایران کے وزیر خارجہ نے خیر مقدم کیا اور طے پایا کہ رواں سال کے اختتام سے قبل ہی یہ دورہ انجام پائے گا۔ نیوزیلینڈ کے وزیر خارجہ نے بھی اپنی ملاقات میں ایران کا دورہ کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس ملاقات میں فریقین نے دو طرفہ اور بالخصوص اقتصادی تعلقات کو فروغ دیئے جانے کے طریقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ایران اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بھی محمد جواد ظریف اور سامح شکری نے مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ اور علاقائی بحرانوں کے حل کے لئے تعاون کی توسیع کے بارے تبادلہ خیال کیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل یان الیاسون سے بھی ملاقات کی۔
اس ملاقات مین یان الیاسون نے علاقائی بحرانوں خاص طور سے یمن اور شام کے بحرانوں کے حل میں ایک علاقائی طاقت کی حیثیت سے ایران کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی انھیں اس سلسلے میں تہران کے مواقف اور اس سلسلے میں ایران کی جانب سے انجام پانے والی کوششوں سے باخبر کیا۔