ایران اور سویڈن کے تعلقات کے فروغ کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں پائی جاتی، ڈاکٹر روحانی
Sep ۲۶, ۲۰۱۵ ۰۸:۰۱ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ مختلف شعبوں میں ایران اور سویڈن کے تعلقات کے فروغ کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں پائی جاتی۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے نیویارک میں سویڈن کے وزیر اعظم اسٹیفن لوفون سے، ہونے والی ملاقات میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان طے پانے والے ایٹمی معاہدے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران ایران اور سویڈن کے اقتصادی تعلقات میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔انھوں نے دونوں ملکوں کی اقتصادی توانائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن کے اقتصادی وفد کے دورہ تہران سے، اس بات کا موقع فراہم ہوگا کہ وہ، ایک دوسرے کے ملکوں کی توانائیوں سے باخبر ہوں۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منی کے سانحے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی حجاج کرام کے لواحقین سے، سویڈن کے وزیراعظم کی جانب سے اظہار ہمدردی کئے جانے کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ منی کا سانحہ، نہایت ہی تلخ واقعہ ہے کہ جس میں اتنی بڑی تعداد میں حجاج کرام جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔
صدر مملکت نے اسی طرح دہشت گردی کے خلاف مہم میں عالمی سطح پر مشترکہ تعاون کی ضرورت پر تاکید کی۔ انھوں نے کہا کہ ایران اور مغربی ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ سے علاقائی امن و سلامتی کی برقراری میں بھی کافی مدد مل سکتی ہے۔
اس ملاقات میں سویڈن کے وزیراعظم نے بھی تہران اور اسٹاک ہوم کی توانائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک کے وزیر صنعت کے، عنقریب انجام پانے والے دورہ ایران سے، دونوں ملکوں کے تجارتی و صنعتی شعبوں میں تعلقات، نئے مرحلے میں داخل ہو جائیں گے اور یہ کہ ان کا ملک، ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات و تعاون کی توسیع کو خاص اہمیت دیتا ہے۔