تہران میں میونیخ سیکورٹی اجلاس، مشترکہ مسائل کے جائزے اور تعاون کے لئے مناسب موقع
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے تہران میں میونیخ سیکورٹی کانفرنس کے تمہیدی اجلاس کے انعقاد کو مشترکہ مسائل کے جائزے اور تعاون کے لئے مناسب موقع قرار دیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے تہران میں منعقدہ میونیخ سیکورٹی کانفرنس کے تمہیدی اجلاس کے بارے میں ہمارے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ میونیخ سیکورٹی کانفرنس کا تمہیدی اجلاس مشرق وسطی کے کسی ملک میں منعقد ہو رہا ہے-
انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس علاقائی اور یورپی ملکوں کے لئے ایک موقع ہے تا کہ علاقے کے مسائل سے نمٹنے کے طریقۂ کار کے بارے میں تبادلۂ خیال کریں- وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امید ظاہر کی کہ تہران اجلاس، مشترکہ مسائل کے حل میں تعاون کے لئے مفید ثابت ہوگا-
واضح رہے کہ میونیخ سیکورٹی کانفرنس کا تمہیدی اجلاس، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزرات خارجہ میں سیاسیات اور عالمی امور میں تحقیقاتی مرکز کے تعاون سے علاقے کی تازہ ترین صورتحال اور مسائل کے مجموعی جائزے کے مقصد سے ہفتے کو تہران میں منعقد ہو رہا ہے-
تہران میں میونیخ سیکورٹی کانفرنس کے تمہیدی اجلاس میں جرمنی، لبنان، عمان، عراق اور افغانستان کے وزرائے خارجہ، عراقی کردستان کی مقامی انتظامیہ کے سربراہ نچیروان بارزانی، یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی نائب سربراہ ہیلگا اشمد اور شام کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی اسٹیفن دی مستورا کے معاون رمزی عزالدین رمزی شرکت کر رہے ہیں-
یہ اجلاس ایران اور جرمنی کے تعاون سے منعقد ہو رہا ہے- اس اجلاس کے ایجنڈے میں بحران شام ، ایٹمی معاہدے کے بعد عالمی اور علاقائی سطح پر ایران کے کردار اور علاقے میں سیکورٹی ڈھانچے سے متعلق مسائل کا جائزہ لیا جانا شامل ہے-