Oct ۲۵, ۲۰۱۵ ۲۰:۴۵ Asia/Tehran
  • سانحہ منیٰ کی تحقیقات، ایران کی اسلامی ملکوں سے تعاون کی اپیل
    سانحہ منیٰ کی تحقیقات، ایران کی اسلامی ملکوں سے تعاون کی اپیل

ایران کے وزیر خارجہ نے سانحہ منیٰ کے اسباب کا پتہ لگانے میں تمام اسلامی ملکوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اتوار کو افریقی ملک مالی کے نئے سفیر سے ملاقات میں ، سانحہ منیٰ میں مالی کے حجاج کرام کی شہادت پر مالی کی حکومت اور قوم کو تعزیت پیش کی ۔
انھوں نے کہا کہ سانحہ منی کے حقائق سامنے لانے، اس کے اسباب کا پتہ لگانے اور مستقبل میں اس قسم کے حادثات کی روک تھام میں تمام اسلامی ملکوں کو تعاون کرنا چاہئے ۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنی گفتگو میں دہشت گردی کو تمام ملکوں کے لئے ایک اہم چیلنج بتایا اور دہشت گردی کے خلاف مہم میں تعاون کے لئے ایران کی آمادگی کا اعلان کیا۔

مالی کے نئے سفیر "بوبکر گرودیال " نے اس ملاقات میں اپنے ملک کی حکومت اور قوم کی طرف سے سانحہ منیٰ میں ایرانی حجاج کرام کی شہادت کی تعزیت پیش کی ۔ انھوں نے بتایا کہ سانحہ منیٰ میں مالی کے دو سو حجاج کرام شہید ہوئے ہیں۔
انھوں نے اپنے ملک کے ایک حصے میں دہشت گردی پھیلنے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف مہم میں ایران کے تعاون کا خیر مقدم کرےگا۔
تہران کے لئے مالی کے نئے سفیر نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی سمجھوتے کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کو ایران کے دورے کی دعوت دی۔

ٹیگس