Nov ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۸:۳۱ Asia/Tehran
  • ایران کو جی ای سی ایف کا سیکریٹری جنرل بنائےجانے کا ڈاکٹر روحانی کی جانب سے خیر مقدم
    ایران کو جی ای سی ایف کا سیکریٹری جنرل بنائےجانے کا ڈاکٹر روحانی کی جانب سے خیر مقدم

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران گیس کی پیداوار اور اس کی برآمد کے حوالے سے جلد ہی اہم اقدامات انجام دے گا۔

پیر کی شب تہران میں گیس برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم جی ای سی ایف کے سربراہی اجلاس کے اختتام پر ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ایٹمی معاہدے کے بعد ایران میں منعقد ہونے والا یہ پہلا اجلاس تھا اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئے حالات میں دنیا کے سب ہی ممالک ایران سمیت پورے خطے کے ساتھ تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران اجلاس میں نو ملکوں کے سرابرہوں اور دیگر ملکوں کے اعلی سطحی وفود کی مشارکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گیس برآمد کرنے والے سب ہی ممالک نے دنیا میں گیس کے استعمال کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔

ایران کے صدر نے گیس برآمد کرنے والے ملکوں کے سربراہی اجلاس کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کیونکہ دنیا میں گیس کے ستر فی صد کے قریب ذخائر، جی ای سی ایف کے رکن ملکوں کے اختیار میں ہیں لہذا ہمیں توقع ہے کہ یہ ممالک گیس اور توانائی کو جو اہمیت دے رہے ہیں اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ گیس کو آلودگی سے پاک ایندھن سمجھا جاتا ہے اور اس کی اہمیت بے انتہا زیادہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ فوسل ایندھنوں کے استعمال سے ماحولیات پر انتہائی منفی اثرات پڑ رہے ہیں لہذا گیس کے استعمال کو اہمیت دی جانی چاہیے۔ صدر ایران نے کہا کہ دنیا بھر میں گیس کے استعمال پر خاص توجہ دی جارہی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ دنیا کو ایسی پائیدار ترقی کی ضرورت ہے جس سے ماحولیات کو نقصان نہ پہنچتا ہو۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے گیس برآمد کرنے والے ملکوں کے سیکریٹری جنرل کے لئے ایران کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ تہران گیس برآمد کرنے والے ملکوں کے ساتھ بھر پور تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

ٹیگس