May ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۸:۰۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان نے کی ایران کے ساتھ طویل مدتی معاہدے پر تاکید

ہندوستان کے وزیر خارجہ نے ایران کے جنوب مشرق میں واقع اسٹریٹجک بندرگاہ چابہار کے مینیجمنٹ کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ایک طویل مدتی معاہدے پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق ہندوستان کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے پیر کو ممبئی میں کہا کہ طویل مدتی معاہدہ ایران کی اسٹریٹجک چابہار بندرگاہ میں زیادہ سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا۔

ہندوستان کے جہاز رانی کے وزیر سربانند سونووال نے چابہار بندرگاہ کے انتظام و انصرام کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام کے ساتھ بات چیت کے لیے اس سے قبل ایران کا دورہ کیا تھا۔

ہندوستان نے چابہار بندرگاہ کے ایک حصے کو ایران، افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک تک سامان پہنچانے کے راستے کے طور پر توسیع دی ہے-

ہندوستان سی آئی ایس ممالک تک رسائی کے لیے، بین الاقوامی شمال - جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور ( آئی این ایس ٹی سی ) کے تحت ایران کی چابہار بندرگاہ کو نقل و حمل کے مرکز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

ایران میں ہندوستان کے سفیر رودرا گورو شریسٹ نے بھی اتوار کے روز شہید بہشتی بندرگاہ کے پورٹ ٹرمینلز اور وسائل و تنصیبات کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان چابہار بندرگاہ کی توسیع کے لئے اپنے وعدوں پر قائم ہے۔

ٹیگس