قاہرہ اور تل ابیب کے درمیان شدید کشیدگی، مصری اور اسرائیلی حکام کی ملاقات اچانک منسوخ
اسرائیل کی ایک ویب سائٹ نے رفح پر حملے اور اسرائیلی ہم منصبوں کے ساتھ مصری فوجی حکام کی ملاقات کی اچانک منسوخی کی وجہ، مصر اور صیہونی حکومت کے تعلقات میں کشیدگی میں اضافہ قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فارس نیوز کے مطابق اسرائیلی ویب سائٹ i24NEWS نے ایک باخبر ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ مصری فوجی حکام نے رفح میں فوجی آپریشن پر دونوں فریقوں کے درمیان پیدا ہونے والے بحران میں اضافے کی وجہ سے اچانک صہیونی فوجی حکام کے ساتھ ملاقات منسوخ کر دی۔
اس رپورٹ کے مطابق یہ تنازع مصر اور غزہ پٹی کی سرحد پر اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور رفح کراسنگ کے فلسطینی اطراف پر قابض فوج کے کنٹرول کے بارے میں مصر کی تشویش سے پیدا ہوا ہے جسے قاہرہ کیمپ ڈیوڈ معاہدے کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔
i24NEWS سائٹ نے لکھا کہ اس ملاقات کی اچانک منسوخی غزہ میں نسل کشی کے خلاف دی ہیگ میں بین الاقوامی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ کی قانونی شکایت میں باضابطہ طور پر شامل ہونے کے قاہرہ کے فیصلے کے پس منظر میں دونوں فریقوں کے درمیان بحران میں اضافے کی نشاندہی کرتی ہے۔