یمن کے بارے میں ایرانی نائب وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسماعیل ولد شیخ کی ٹیلی فونی گفتگو
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسماعیل ولد شیخ سے ٹیلی فون پر یمن سے متعلق سوئیزرلینڈ میں ہوئے مذاکرات کے نتائج پر بات چیت کی ہے -
ایران کے نائب وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں کہاکہ یمن میں پائیدار جنگ بندی اور محاصرے کا خاتمہ یمنی گروہوں کے درمیان ایک جامع اور مکمل سمجھوتے تک رسائی کا اہم عامل ہے - انہوں نے کہا کہ فائربندی کی خلاف ورزی اور یمن کی سرکاری اور رہائشی عمارتوں پر ہوائی حملے، یمن میں مسلسل بدامنی اور دہشت گرد گروہوں کے ذریعے غلط استفادے کا باعث بن رہے ہیں -
انہوں نے کہاکہ اس صورتحال سے جنوبی یمن کے حالات اور زیادہ پیچیدہ ہو رہے ہیں - انہوں نے کہاکہ ایران یمن کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی کوششوں کا خیرمقدم کرتاہے - یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں یمنی گروہوں کے درمیان ایک جامع سمجھوتے کے حصول کی راہ میں پائی جانےوالی مشکلات کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ موجودہ مشکلات کے باوجود فریقین نے جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی نیز دیگر دوطرفہ اقدامات پر اتفاق کرلیا ہے -
انہوں نے کہا کہ فریقین نے انسان دوستانہ امداد کی ترسیل میں آسانیاں پیداکرنے پر بھی اتفاق کیا ہے - اسماعیل ولد الشیخ نے کہا کہ ایران کی طرح اقوام متحدہ کا بھی موقف یہی ہےکہ یمن کا بحران خود یمنی گروہوں کے باہمی مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہئے –