آیت اللہ شیخ باقر نمر کی شہادت، ایران کے تمام شہروں کے دینی مدارس کے اساتذہ و طلبہ کے احتجاجی مظاہرے
اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام شہروں کی دینی درسگاہوں کے اساتذہ اور طلاب نے مظاہرے کرکے سعودی عرب کے ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ باقر نمر کو شہید کرنے کے آل سعود کے وحشیانہ اقدام کی مذمت کی ہے.
ہمارے نمائندوں نے ایران کے مختلف شہروں سے خبر دی ہے کہ قم، مشہد مقدس ، تہران ، اصفہان کرمان، یزد، قزوین ، سمنان، اہواز اور ملک کے دیگر شہروں کی سبھی دینی درسگاہوں کے اساتذہ اور طلاب نے اتوار کو اپنے دروس کی تعطیل کر کے سعودی حکومت کے ذریعے آیت اللہ شیخ باقر نمر کو موت کی سزا دینے پر شدید احتجاج کیا ہے- پورے ایران کے علما اور طلاب نے اپنے مظاہروں اور اجتماعات کے دوران امریکا مردہ باد، آل سعود مردہ اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا کر آیت اللہ شیخ باقر نمر کو بہیمانہ طریقے سے شہید کرنے پر سعودی حکومت کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
مظاہرین نے سعودی حکومت کے اس شرمناک اور غیرانسانی اقدام پر اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ، عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے کہا کہ وہ فوری طور پر آل سعود کے وحشیانہ اقدام کا جواب دیں۔
قم میں حوزہ علمیہ کے اساتذہ ، علما اور طلاب کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس خبرگان کی پریزائڈنگ کمیٹی کے رکن آیت اللہ سید احمد خاتمی نے سعودی حکومت کے اس وحشیانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہابی فکر ہی ہر قسم کی دہشت گردی کا سرچشمہ ہے- انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے سعودی حکومت کے نعرے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج جتنے بھی دہشت گردگروہ منجملہ القاعدہ اور داعش، بے گناہ انسانوں کا خون بہا رہے ہیں ان سب کو سعودی حکومت نے ہی بنایا ہے -