Jan ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۵:۲۶ Asia/Tehran
  • ایران: بجٹ بل پیش کئے جانے کے موقع پر اسپیکر ڈاکٹر لاریجانی کا خطاب

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ایٹمی معاملے کے حل کے سلسلے میں رہبرانقلاب اسلامی کی شاندار رہنمائیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن ایرانی عوام کے عزم و ارادے کی تجلی کا بہت ہی مبارک دن ہے۔

پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اتوار کو ایوان میں اپنے خطاب کے دوران صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی، وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اور ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم کے ارکان کا، جنھوں نے مذاکرات کے آغاز سے آخری وقت تک بہت زیادہ محنت کی، شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹرعلی لاریجانی نے بجٹ بل اور چھٹا ترقیاتی منصوبہ پیش کرنے کے لئے پارلیمنٹ میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آج نیا بجٹ اور چھٹا ترقیاتی منصوبہ پیش کر رہی ہے، جو ایرانی عوام کے عزم کے متجلی ہونے کے تعلق سے ایک بہت ہی مبارک دن ہے کیونکہ ایٹمی معاملہ حل ہو گیا اور پابندیاں ختم ہو گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رہبرانقلاب اسلامی کی ہدایات کے ذریعے ایٹمی معاملے کا حل بہت ہی اہم اور ان کی رہنمائیاں انتہائی راہ گشا تھیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مناسب اقدامات اور منصوبہ بندی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری، صنعتی پیداوار میں رونق لانے اور معیشت کو بہتر بنانے کی کوششوں کے نئے راستے کھلیں گے اور یوں ایران کے لئے نیا افق روشن ہو گا۔

ٹیگس