Feb ۱۰, ۲۰۱۶ ۰۹:۴۱ Asia/Tehran
  • تشخیص مصلحت نظام کونسل کے ریسرچ سینٹر کے سربراہ علی اکبر ولایتی
    تشخیص مصلحت نظام کونسل کے ریسرچ سینٹر کے سربراہ علی اکبر ولایتی

تشخیص مصلحت نظام کونسل کے ریسرچ سینٹر کے سربراہ علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ شام کی حکومت اور عوام نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ہر طرح کی جارحیت کے خلاف استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اور اب کے بعد وہ زیادہ طاقت کے ساتھ ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کریں گے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق تشخیص مصلحت نظام کونسل کے ریسرچ سینٹر کے سربراہ علی اکبر ولایتی نے منگل کے دن امریکہ میں تحریک امت اسلام کے سربراہ لوئیس فراخان کے ساتھ ملاقات کے موقع پر نامہ نگاروں سے گفتگو کی۔ علی اکبر ولایتی نے اس گفتگو کے دوران شام پر برّی فوج کے حملے پر مبنی سعودی عرب کی دھمکی کے بارے میں کہا کہ یہ دھمکی خطے کے بعض ممالک کے ان کھوکھلے دعووں میں سے ایک ہے جن کی ان ممالک کو عادت سی پڑ گئی ہے اور یہ دھمکی بے سود پروپیگنڈے کے سوا کچھ نہیں ہے۔

تشخیص مصلحت نظام کونسل کے ریسرچ سینٹر کے سربراہ نے ایران اور روس کے باہمی تعاون کے بارے میں کہا کہ تہران اور ماسکو کا تعاون دو طرفہ اور علاقائی ہے اور دہشت گردوں کے مقابلے کے لئے خطے کے ان دو طاقتور ممالک کے باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا۔

ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے دن یعنی بائیس بہمن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام انقلاب اسلامی کو اپنے سے متعلق جانتے ہیں اور وہ انقلاب کی سینتیسویں سالگرہ کے جلوسوں میں بھرپور شرکت کے ذریعے انقلاب اسلامی اور رہبر معظم انقلاب کے ساتھ اپنی وفاداری ثابت کر دیں گے۔

ٹیگس