Feb ۱۷, ۲۰۱۶ ۰۷:۳۳ Asia/Tehran
  • یورپی یونین ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں  تعاون کرنے کے لیے تیار ہے: جواد ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یورپی یونین مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد میں دلچسپی رکھنے اور تعاون کی ضمانت دینے کے علاوہ اس وقت دوسرے شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔

برسلز سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے برسلز میں اپنے دورے کے پروگراموں کے اختتام پر نامہ نگاروں سے بات چیت میں اپنے دورے کے مقاصد اور پروگراموں کی وضاحت کی۔ انھوں نے کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد سے یورپی یونین کے ساتھ تعاون میں اضافہ ہو گا۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد میں دلچسپی رکھنے کے علاوہ کہ جس کا ایک نمونہ سوئیفٹ پر عمل درآمد ہونا تھا اور ہمارے بینک سوئیفٹ سے منسلک ہو گئے ہیں، اس وقت دوسرے شعبوں میں تعاون کے میدان میں کام کر رہی ہے اور ہم نے یورپی پارلیمنٹ کے سربراہ اور اسی طرح محترمہ موگرینی کے ساتھ ملاقات میں اس سلسلے میں بات چیت کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس دورے کے دوران انتہا پسندی نیز یمن اور شام کی جنگوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 جواد ظریف نے اس بات پر زور دیا کہ یورپی ممالک کے ساتھ وسیع تر تعاون کے لیے راستہ ہموار ہو گیا ہے۔ یورپی ممالک نے علاقے میں ایران کے کردار اور ایران کے ساتھ سنجیدہ تعاون کی اہمیت کو بخوبی جان لیا ہے اور ہم محسوس کرتے ہیں کہ اچھے تعلقات کا مستقبل ایران اور یورپ کے انتظار میں ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ بیلجیم کے حکام کے ساتھ ملاقات اور یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی میں تقریر کرنے کے لیے اتوار کے روز برسلز گئے تھے۔

ٹیگس