Mar ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • عوامی اعتماد اسلامی نظام کا مضبوط ستون ہے: صدر حسن روحانی

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ عوامی اعتماد ،ایران کے اسلامی جمہوری نظام کا مضبوط ترین ستون ہے۔

اتوار کی شام تہران میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے چھبیس فروری کے انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کو، رہبر انقلاب اسلامی اور اسلامی نظام پر عوام کے اعتماد کا مظہر قرار دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایرانی عوام نے انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر ایک بار پھر اسلامی نظام اور رہبر انقلاب اسلامی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور دنیا والوں کو حیران کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجتہدین کی کونسل مجلس خبرگان اور پارلیمنٹ یا مجلس شورائے اسلامی کے انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت نے، اسلامی نظام کی بنیادوں کو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط بنادیا ہے۔

صدر ایران نے انتخابات کے پرامن ماحول کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے سیاسی اور سیکورٹی اداروں کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں انتخابی عمل پوری طرح شفاف اور پرامن ماحول میں انجام پایا۔

صدر نے ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ، ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان ایٹمی معاہدے سے قبل یہ دعوی کیا جاتا تھا کہ ایران عالمی امن کے لیے خطرہ ہے لیکن آج ایران عالمی برادری کا ایک اہم ملک بن گیا ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے واضح کیا کہ ایران میں جس طرح امن و سلامتی قائم ہے ایسی خطے کے کسی بھی ملک میں نہیں ہے۔

ٹیگس