Mar ۰۸, ۲۰۱۶ ۰۶:۴۶ Asia/Tehran
  • اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ روسی نائب وزیر خارجہ میخائیل باگدانوف کی ملاقات
    اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ روسی نائب وزیر خارجہ میخائیل باگدانوف کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے نائب وزرائے خارجہ نے شام، یمن، لبنان اور فلسطین سمیت علاقائی ممالک کی صورتحال کے بارے میں مشاورت کی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کا سرکاری دورہ کرنے والے روسی نائب وزیر خارجہ میخائیل باگدانوف نے پیر کے دن اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی عمارت میں انجام پانے والی اس ملاقات میں تہران اور ماسکو نے سیاسی راہ حل کو شام کے بحران کی واحد راہ حل قرار دیا اور اس بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے پر تاکید کی۔

ایران اور روس کے نائب وزرائے خارجہ نے شام میں قومی آشتی اور مذاکرات کے عمل میں تیزی لانے کے لئے دونوں ممالک کی مشاورت کو ضروری قرار دیا۔ قابل ذکر ہے کہ ایران اور روس کے نائب وزرائے خارجہ کی ملاقات ایسے وقت میں انجام پائی ہے کہ جب جنیوا میں شام کی حکومت اور مسلح مخالفین کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات ہونے والے ہیں۔ دونوں ممالک کے نائب وزرائے خارجہ نے شام کی ارضی سالمیت پر بھی تاکید کی۔ روسی نائب وزیر خارجہ نے جنیوا میں مستقبل قریب میں ہونے والے مذاکرات میں شام کی تمام جماعتوں اور طبقات کے نمائندوں کی شرکت کو ضروری قرار دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ دہشت گردی کے کامیاب مقابلے کے لئے ضروری ہے کہ ممالک، دہشت گرد گروہوں کی مالی، اسلحہ جاتی، مواصلاتی اور لاجسٹک امداد کے راستے بند کرنے کے سلسلے میں پر عزم ہو جائیں۔

ٹیگس