Mar ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۵ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر خارجہ کی سنگاپور کے وزیراعظم سے ملاقات

ایران کے وزیر خارجہ نے سنگاپور کے وزیراعظم اور پارلیمنٹ کی اسپیکر سے علیحدہ علیحدہ ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

سنگاپور سٹی میں اس ملک کے وزیراعظم لی ہسن لونگ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بعد ایران اور سنگاپور کے درمیان تعاون کے بے پناہ مواقع پیدا ہو گئے ہیں۔

سنگاپور کے وزیراعظم لی ہسن لونگ نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں اقتصادی اور تجارتی تعاون اور لین دین بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے ایران مخالف پابندیوں کے خاتمے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سنگاپور کی حکومت ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو انتہائی اہمیت دیتی ہے۔

درایں اثنا وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے سنگارپور کی اسپیکر حلیمہ یعقوب کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعلقات کے فروغ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے اپنے قیام کے دوران سنگاپور کے وزیر خارجہ ، مرکزی بینک کے سربراہ، وزیر داخلہ اور وزیر انصاف سے بھی ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ، پیر کی شام ، سنگاپور کے اعلی حکام کے ساتھ بات چیت کی غرض سے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سےسنگاپور-پہنچے تھے۔

ایران کے وزیر خارجہ اپنا دورہ سنگاپور مکمل کرنے کے بعد بدھ کی صبح جنوب مشرقی ایشیا کے مسلمان ملک برونئی پہنچیں گے۔

ٹیگس