ایران کے وزیر خارجہ کا دورہ جمہوریہ آذربائیجان
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، ایران روس اور جمہوریہ آذربائیجان پر مشتمل پہلے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لئے باکو پہنچ گئے۔
باکو ایئر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ اس اجلاس میں جمہوریہ آذربائیجان کی حالیہ تبدیلیوں اور اسی طرح شام کی صورت حال کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس اس بات کی علامت ہے کہ ایران، جمہوریہ آذربائیجان اور روس، تجارتی و اقتصادی معاملات اور توانائی و ٹرانزٹ کے شعبوں میں باہمی تعاون کا میدان ہموار کرنے نیز خطے میں امن و استحکام کے تحفظ کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کے لئے پرعزم ہیں۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے درمیان آستارہ کے علاقے میں پل کی تعمیر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے اختتام تک دونوں ممالک ریلوے کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے درمیان ریل رابطوں کے قیام سے خطے کے تمام ملکوں کے درمیان رابطوں کو فروغ ملے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، جمہوریہ آذربائیجان اور روس کے وزرائے خارجہ کا پہلا سہ فریقی اجلاس جمعرات کو باکو میں ہو گا۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف اور جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ المار احمد یاروف، اپنے اپنے ملکوں کی نمائندگی کریں گے۔