ایران میں نئی سینٹری فیوج مشینوں کی رونمائی
ایران میں ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کی مناسبت سے ایک تقریب میں دو جدید قسم کی پیشرفتہ سینٹری فیوج مشینوں اور دیگر جدید ترین ایٹمی مصنوعات کی رونمائی کی گئی۔
جمعرات کو ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کی مناسبت سے ایک تقریب میں دو جدید قسم کی پیشرفتہ، زونل اور الٹرا سینٹری فیوج مشینوں کی رونمائی کی گئی۔
اس تقریب میں زونل اور الٹرا سینٹری فیوج مشینوں کے ساتھ ہی دس دیگر جدید ترین ایٹمی مصنوعات کی رونمائی بھی عمل میں آئی۔
اس موقع پر ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے کہا کہ یہ پیشرفتہ اور جدید ترین سینٹری فیوج مشینیں طبی مقاصد کے لئے تیار کی گئی ہیں۔
انھوں نے اسی کے ساتھ اعلان کیا کہ اراک کے ایٹمی مرکز میں تحقیقاتی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے نائب سربراہ علی اصغر زارعان نے زونل اور الٹرا سینٹری فیوج مشینوں کے بارے میں کہا کہ اب تک اس قسم کی سینٹری فیوج مشینیں صرف امریکا اور جاپان میں تیار کی جاتی رہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے سائنسدانوں نے یہ پیشرفتہ اور جدید ترین نوعیت کی سینٹری فیوج مشینیں تیار کر کے امریکا اور جاپان کی اجارہ داری ختم کر دی اور ایران پیشرفتہ نوعیت کی سینٹری فیوج مشینیں تیار کرنے والا تیسرا ملک بن گیا۔
انھوں نے کہا کہ ایران کا محکمہ ایٹمی توانائی اس سے پہلے وزارت صحت کی سفارش پر ویکسین تیار کرنے والی سینٹری فیوج مشینیں تیار کر کے ملک کے پاسچر انسٹی ٹیوٹ کے حوالے کر چکا ہے۔ علی اصغر زارعان نے کہا کہ ایران کے ایٹمی سائنسدانوں کی تیار کردہ سینٹری فیوج مشینیں کارکردگی کے لحاظ سے امریکا میں تیار ہونے والی سینٹری فیوج مشینیوں سے بہتر ہیں۔
زونل سینٹری فیوج مشینیں جنیٹک میڈیسین اور وائرل نیز متعدی بیماریوں کے ویکسین تیار کرنے کے لئے استعمال ہوتی ہیں اور الٹرا سینٹری فیوج مشینین بیالوجیکل اور بایو کیمیکل تحقیقات کے کام آتی ہیں۔