پاکستان: ڈیرہ اسماعیل خان کے پولیس تربیتی مرکز پر دہشت گردانہ حملہ، 5 دہشت گرد ہلاک 3 سیکورٹی اہلکار جاں بحق
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے صوبۂ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس تربیتی مرکز پر گزشتہ رات تقریباً ساڑھےآٹھ بجے خودکش حملہ کیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس تربیتی مرکز کے قریب دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد دہشت گرد، پولیس تربیتی مرکز میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ حملہ آوروں کی تعداد 7 سے 8 بتائی گئی ہے۔ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
ڈی ایس پی حافظ محمد عدنان نے بتایا کہ آپریشن رات گئے مکمل کرلیا گیا جس میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے حصہ لیا۔ دہشت گردوں کے حملے میں3 سیکورٹی اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
حملے میں زخمی ہونے والے 13 اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ٹراما سینٹر لایا گیا۔ ڈی جی تعلقات عامہ کے مطابق حملے کے وقت 200 پولیس جوان اور ریکروٹس کو ریسکیو کیا گیا۔ صورت حال پر قابو پانے کے لئے اعجاز شہید پولیس لائنز سے پولیس کی اضافی نفری بھیجی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں خاص طور سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان صوبوں میں دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ان حملوں میں زیادہ تر پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنا یا گیا۔