May ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۷ Asia/Tehran
  • شہر کاظمین میں دسیوں لاکھ عزاداروں کا اجتماع

فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت پر دسیوں لاکھ عزادار وسوگوارعراق کے شہر کاظمین میں آپ کی مظلومانہ شہادت کا غم منارہے ہیں-

کاظمین سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ عراق، ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں کے دسیوں لاکھ سوگوار اور زائرین کاظمین میں اپنے اپنے مخصوص انداز میں فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے غم میں نوحہ وماتم کررہے ہیں -عراق کے گوشہ وکنار سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین قافلوں کی شکل میں پیدل چل کرکاظمین پہنچے ہیں - اس موقع پرعزاداروں کے قافلوں کے راستوں اور خود کاظمین اور بغداد میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں -

پیر کو تکفیری دہشت گردوں نے بغداد کے علاقے السیدیہ میں کاظمین جانے والے زائرین کے راستے میں بم دھماکہ کرکے کم سے کم چوبیس زائرین کو شہید کردیا تھا - اس دہشت گردانہ حملے میں دسیوں عزادار اور زائرین زخمی بھی ہوئے ہیں -

اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مجالس عزا اور نوحہ وماتم کا سلسلہ جاری ہے - اس موقع پر ایران اسلامی سیاہ پوش اور عزادار ہے -

مشہد مقدس سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں پیر کی رات سے ہی مرکزی مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے اور لاکھوں کی تعداد میں عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت پر ان کے عزیز فرزند کو پرسہ دے رہے ہیں -

ایران کے مختلف شہروں سے ماتمی انجمنیں اور دستےمشہد مقدس پہنچے ہیں - اسی طرح کی مجالس عزا کا سلسلہ قم میں بھی جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں جاری ہے- جناب فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیھا کا حرم مطہر سوگواروں اور عزاداروں سے مملو ہے اور ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں کے زائرین بی بی معصومہ قم کو ان کے پدر بزرگوار کا پرسہ دےہےہیں -

واضح رہے کہ ظالم وجابرعباسی خلیفہ ہارون نےحضرت امام موسی کا ظم علیہ السلام کےعلمی، معنوی اور اخلاقی فضائل سے خائف ہو کر سن ایک سو تراسی ہجری قمری میں انہیں زہردغا دے کر شہید کردیا - فرزندرسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی عمرکا بیشتر حصہ عباسی خلفا کے قیدخانوں میں گذرا اور ظالم حکمرانوں نے آپ پر بے پناہ مظالم ڈھائے لیکن اس کے باوجود آپ فاسق و فاجر عباسی خلفا اور ان کی حکومتوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہے اورمسلمانوں کی دین اسلام کی جانب رہنمائی فرماتے رہے-

حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام نے ہمیشہ اپنی تقریروں اورخطابات میں خلفائے بنی عباس کی روش کو اسلامی اقدار کے منافی قراردیا اور لوگوں کو ان کے مکروفریب سے دور رہنے کی تلقین فرمائی -

ٹیگس