Jun ۱۴, ۲۰۱۶ ۰۸:۳۷ Asia/Tehran
  • عراق کے نائب وزیر خارجہ نزار خیراللہ، حسین امیر عبداللہیان کی دعوت پر ایک وفد کو ساتھ لے کر ایران کے دورے پر تہران آئے ہیں۔
    عراق کے نائب وزیر خارجہ نزار خیراللہ، حسین امیر عبداللہیان کی دعوت پر ایک وفد کو ساتھ لے کر ایران کے دورے پر تہران آئے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے تمام میدانوں میں ایران اور عراق کے باہمی تعلقات میں توسیع پر تاکید کی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے نائب وزیر خارجہ نزار خیراللہ نے پیر کے دن تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔ حسین امیر عبداللہیان نے اس ملاقات میں دونوں ممالک کے بہت اچھے تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تمام میدانوں میں ان تعلقات کی سطح بڑھائے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔

عراق کے نائب وزیر خارجہ نزار خیراللہ، ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی دعوت پر دونوں ممالک کی مشترکہ سیاسی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں شرکت کے مقصد سے ایک وفد کو ساتھ لے کر ایران کے دورے پر تہران آئے ہیں۔ اس اجلاس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی مسائل اور دہشت گردی کے مقابلے کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

حسین امیر عبداللہیان نے اس ملاقات میں دہشت گردوں کے مقابلے میں عراق کی حالیہ کامیابیوں کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایران پوری سنجیدگی کے ساتھ عراق کی حمایت جاری رکھے گا۔

اس ملاقات میں عراق کے نائب وزیر خارجہ نزار خیراللہ نے بھی کہا کہ خطے میں قیام امن و استحکام کے سلسلے میں دونوں ممالک کے تعلقات کا اہم کردار ہے۔ نزار خیراللہ نے سیاسی مشاورت جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

 

ٹیگس