ایران کی جانب سے عراق میں قیام امن کی حمایت
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ، علاء الدین بروجردی نے تہران کی جانب سے عراق میں قیام امن کی حمایت پر تاکید کی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق علاء الدین بروجردی نے اتوار کے دن عراق کی اسلامی تنظیم نجبائے عراق کے سیکرٹری جنرل شیخ اکرم الکعبی کے ملاقات میں کہا کہ ایران کی حکومت اور پارلیمنٹ ہر اس اقدام کی حمایت کرتی ہے جس سے عراق میں دہشت گرد گروہوں کا خاتمہ اور اس ملک میں امن قائم ہوتا ہو۔ علاء الدین بروجردی نے مزید کہا کہ شام کی استقامت کے خلاف کی جانے والی سازش امریکہ اور اس کے مغربی اور علاقائی اتحادیوں کی مالی اور اسلحہ جاتی مدد اور چار سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود عراق اور شام کی اقوام کی استقامت میں کوئی خلل نہیں ڈال سکی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے تاکید کی کہ تہران اس بات کا قائل ہے کہ عراق کی ارضی سالمیت برقرار رہنی چاہئے اور آج امریکہ اور اس کے علاقائی اتحادی، عراق کی تقسیم کے اس خطرناک کھیل کے درپے ہیں۔ علاء الدین بروجردی نے عراق کی حکومت اور ملت کی استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام کا انقلابی اور اسلامی فرض اس بات کا متقاضی ہے کہ وہ عراق میں اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی مدد کریں اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے کامیابی عراقی عوام کا ہی مقدر بنے گی۔
شیخ اکرم الکعبی نے بھی اس ملاقات میں عراق میں دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے بہت سے علاقے آزاد کرائے جانے کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ عراق میں داعش کے قبضے سے بہت سے علاقے آزاد کرا لئے گئے ہیں اور اب دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر موصل اور صوبہ الانبار کے بہت ہی کم علاقوں میں موجود ہیں۔