نجف تا کربلا ملین مارچ میں ایران کے نائب صدر بھی شرکت کریں گے
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری اربعین حسینی کے موقع پر نجف تا کربلا ملین مارچ میں شرکت کے لئے عراق پہنچ گئے ہیں
اسحاق جہانگیری نجف تا کربلا ملین مارچ میں شرکت کے ساتھ ہی زائرین کو خدمات کی فراہمی کا قریب سے جائزہ بھی لیں گے- ایران کے نائب صدر نجف سے کربلا کے راستے پر انجام پانے والے ملین مارچ میں عاشقان حسینی کے ساتھ ساتھ پیدل چلیں گے - نائب صدر اسحاق جہانگیری کے ساتھ ایران کے اسپورٹ منسٹرمسعود سلطانی فر بھی ہیں- ایران کے نائب صدرنے سنیچر کو عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی کو فون کرکے اس ملک کی حکومت اور عوام کی جانب سے پیروان اہلبیت علیھم السلام کی پرخلوص مہمان نوازی کو سراہا بھی تھا- تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اربعین حسینی میں شرکت کے لئے بیس لاکھ سے زیادہ ایرانی زائرین کربلا معلی پہنچ چکے ہیں جبکہ دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے لاکھوں زائرین بھی کربلاء کی جانب رواں دواں ہیں-