برطانوی سازشوں کی بابت رہبر انقلاب اسلامی کا انتباہ
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے خطے کے بارے میں برطانیہ کی خطرناک سازشوں کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔
انیس دی تیرہ سو چھپن ہجری شمسی مطابق آٹھ جنوری انیس سو اٹھتر کے انقلابی اقدام کی سالگرہ کے موقع پر قم شہر کے ہزاروں لوگوں نے تہران میں رہبرانقلاب اسلامی سے ملاقات کی اور فلک شکاف نعرے لگا کر اپنے محبوب قائد سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
قم شہر کے ہزاروں انقلابی شہریوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا آج برطانوی حلقے خطے اور ایران کے خلاف سازشیں تیار کر رہے ہیں اور ان میں سے ایک سازش خطے کے ملکوں کو تقسیم کرنا ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج وہ کہہ رہے ہیں کہ متحدہ عراق ، متحدہ شام ، متحدہ لیبیا اور متحدہ یمن کا دور ختم ہو گیا ہے ، لیکن ایران کا نام نہیں لیتے کیونکہ وہ ایران کی رائے عامہ سے ڈرتے ہیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کی قومی طاقت کے عوامل کو نابود اور تباہ کرنے کی سازشوں کی بابت بھی خبردارکرتے ہوئے فرمایا کہ دشمن قومی اقتدار اور طاقت کی بنیادوں کو ختم کرنا چاہتا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب کی مزید تفصیلات موصول ہورہی ہیں۔