میانمار کے مسلمانوں کے سلسلے میں عالمی برادری کی بے توجہی پر ایران کی تنقید
اسلامی جمہوریہ ایران نے میانمار کے مسلمانوں کی حمایت میں سبھی مسلم ملکوں کے اتحاد پر زور دیا ہے
ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے ملیشیا کے دارالحکومت کوالا لامپور میں اوآئی سی کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں تقریرکرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کی ذمہ داری ہے کہ وہ میانمارکے مسلمانوں کی حمایت میں متحد ہوجائے - ایران کے وزیرخارجہ نے میانمار کے روہنگیا مسلمانوں پرڈھائے جا رہے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے سلسلے میں عالمی ذرائع ابلاغ کی خاموشی کی وجہ سے سمندروں میں روہنگیا مسلمان بچوں کے غرق ہونے کے ہولناک مناظر کو صحیح طریقے سے نہیں دکھایا گیا - انہوں نے روہنگیا مسلمانوں کو ان کی شہریت کے مسلمہ حقوق سے محروم کئے جانے ، ان کے تئیں امتیازی سلوک ، ان پرتشدد و مظالم اور میانمار میں ان کے خلاف وسیع پیمانے پر نفرت انگیز پروپیگنڈوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کو چاہئے کہ وہ میانمار کی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے تاکہ روہنگیائی مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ ہوسکے - ایران کے وزیرخارجہ نے روہنگیا مسلمانوں کے لئے فوری طور پر انسان دوستانہ امداد کی فراہمی پر زوردیا- انہوں نے او ائی سی کے سکریٹری جنرل کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے لئے اپنی حمایت جاری رکھیں - ملیشیا کی درخواست پر میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار اور مسئلہ فلسطین کا جائزہ لینے کے لئے جمعرات کو اوآئی سی کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا -