نئی پابندیوں کا بھرپور جواب دیں گے، سینیئر نائب صدر اسحاق جہانگیری
ایران کے سینیئر نائب صدر اسحاق جہانگیری نے کہا ہے کہ امریکہ کی نئی پابندیوں کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔
اتوار کے روز آئی آر آئی بی نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے اسحاق جہانگیری نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے نئی پابندیوں کے معاملے کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں کہا کہ اگر نئی امریکی پابندیاں جامع ایٹمی معاہدے کے خلاف ہوئیں تو اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور وزارت خارجہ اس کا ٹھوس جواب دے گی۔
انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ نئی پابندیوں سے عالمی سطح پر خود امریکہ کی ساکھ کو بری طرح سے نقصان پہنچے گا۔
ایران کے سینیئر نائب صدر نے کہا کہ استقامتی معیشت کے منصوبوں کی وجہ سے ملک کی معیشت روز بروز مستحکم سے مستحکم تر ہوتی جا رہی ہے اور امریکہ کی نئی پابندیوں سے بھی ملک پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام نے اب تک امریکی پابندیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ کی دونوں جماعتوں کے بعض ارکان نے سینٹ میں ایک بل پیش کیا ہے جس میں ایران کے خلاف پابندیاں سخت کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس بل کی منظوری کی صورت میں ایران کے میزائل پروگرام کے حوالے سے بعض ملکی اور غیر ملکی شخصیات اور کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔